عرب امارات میں کورونا وائرس کی علامتیں چھپانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہ کاٹنے کا فیصلہ۔
کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن سمیت نت نئے اقدامات سامنے آرہے ہیں، (یو اے ای) نے وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے غفلت برتنے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہ کاٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے محکمہ محنت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی علامتیں معلوم ہونے کے باوجود قصداً چھپانے والے سرکاری ملازم کی 10 دن کی تنخواہ منہا کرلی جائے گی۔
اس حوالے سے ملازمین کو ایک سرکاری حکم نامے کے ذریعے مطلع کردیا گیا اور ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر عمل کریں اور مقررہ حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔
مقامی میڈیا کے مطابق افرادی قوت کے وفاقی ادارے نے بتایا ہے کہ سرکاری ملازمین کو بارہ پابندیوں اور ان کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا ہے۔ حفاظتی تدابیر کی انتہائی خلاف ورزی پر 10 دن کی بنیادی تنخواہ کاٹنے کی سزا دی جائے گی۔
سرکاری ملازمین سے کہا گیا ہے کہ اگر کوئی بھی ملازم کورونا وائرس میں مبتلا ہوجائے اور اسے اس کی علامتیں نظر آئیں تو وہ فوری طور پر ڈیوٹی پر آنا بند کردے اور ادارے کو اس سے آگاہ کردے، اسکے علاوہ دفاتر میں مصافحہ اور بھیڑ بھاڑ کرنے پر نوٹس دیا جائے گا اور تنخواہ بھی کاٹی جاسکتی ہے۔
Comments
Post a Comment